ضلع اورکزئی کے ویلج کونسلز کے ساتھ ایک روزہ سیمینار

خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن کے زیر اہتمام ،ضلع اورکزئی ہیڈ کوارٹر کے جرگہ ہال میں ‘معلومات تک رسائی کے قانون’ کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد ضلع اورکزئی کے ویلج کونسلز اور نائبر ہوڈ کونسلز کے منتخب شدہ نمائندگان کو ‘معلومات تک رسائی کے قانون’ کے بارے میں آگاہی دینا تھا۔ سیمینار میں ضلع اورکزئ کے 100 سے زائد منتخب نمائندگان اور ویلج کونسلز کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

سیمینار میں خیبرپختونخواہ انفارمیشن کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر برائے کمیونیکیشن سید سعادت جہاں نے معلومات تک رسائی کے قانون’ کے بارے میں جامع لیکچر دیا۔ ۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ کے نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ویلج کونسلز اور نائبر ہوڈ کونسلز کے سیکرٹریز، پبلک انفارمیشن آفیسرز قرار دئے گئے ہیں۔ اسلئے ان پر شہریوں کو لوکل گورنمنٹ سے متعلق معلومات دینے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ سید سعادت جہاں نے شرکاء کو معلومات تک رسائی کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا اور شہریوں کے ساتھ تعاون کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور پبلک انفارمیشن آفیسر آپ لوگوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ معلومات کی درخواست دینے والے کم پڑھے لکھے شہریوں کے ساتھ درخواست لکھنے اور طریقہ کار سمجھانے میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معلومات نہ فراہم کرنے والے ادارے اور پبلک انفارمیشن آفیسر کو خیبرپختونخواہ انفارمیشن کمیشن کی جانب سے 25 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن گورنمنٹ اینڈ پبلک پالیسی پروجیکٹ کے تعاون سے خیبرپختونخواہ کے تمام ضم شدہ اضلاع میں اس قانون سے متعلق اس طرح کے آگاہی سیمینار منعقد کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں