اسلام آباد (وایس آف خیبر نیوز ڈسک)سیاحت شوقین افراد کیلئے خوشخبری، ناران، کاغان اور مری کے سیاحتی مقامات کی رونقیں بحال ہوگئیں، ٹرانسپورٹ اور چھوٹے بڑے کاروبار کھل گئے، مقامی لوگوں اور سیاحوں نے حکومتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ملک بھر کے سیاحتی مقامات پر 5 ماہ بعد سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔ ملکہ کوہسار مری میں ہوٹلز، ٹرانسپورٹ اور دیگر کاروبار کھل گیا، زندگی کا پہیہ چل پڑا، وادی کے حسین نظاروں کی سیر کرنے کیلئے سیاحوں کی آمد شروع ہوگئی جنہوں نے حکومتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ناران اور شوگران میں بھی دلفریب نظارے ہیں۔ جھیل سیف الملوک، بابو سر ٹاپ اور سری پائے میں موسم انتہائی دلکش ہے۔ سیاحت اوپن ہونے پر مقامی لوگوں کی خوشی بھی دیدنی ہے۔ دو ر دراز علاقوں سے آنے والے سیاح بھی حسین موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ہنزہ، گلگت سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی رونقیں بحال ہوگئیں جس کے بعد عوام نے بھی ویک اینڈ پر تفریح کا پروگرام بنالیا۔ کچھ سیاح پہنچ رہے ہیں، کچھ موسم کا مزہ لینے کیلئے پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹ: (مجاھدحسین بھرانی)