پشاور (وائس اف خیبر نیوز ڈسک ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی صدارت میں آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پولیس پالیسی بورڈ کا 55 واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پولیس اہلکار وں کی ترقی ، تعیناتی اور میرٹ پر شفاف نظام کے ذریعے بھرتی سے متعلق اُمور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سپیشل برانچ اختر حیات خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اینڈ انٹرنل انکاﺅنٹیبیلٹی سلمان چودھری، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس سعید وزیر، ، ڈی آئی جی آپریشنز کاشف عالم خان، ڈی آئی جی ٹریننگ محمد امتیاز شاہ، سی سی پی او پشاور محمد علی خان، ڈی آئی جی ٹریفک کریم خان، کمانڈنٹ ایف آر پی ساجد علی خان، ڈی آئی جی ٹیلی وقار احمد، ڈی آئی جی فنانس اینڈ پروکیورمنٹ سلیم مروت، اے آئی جی آپریشنز آصف اقبال مہمند، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ کاشف ذوالفقار، ڈائریکٹر ایف ایس ایل عباس مجید مروت اور اے آئی جی لیگل جاوید احمد چغتائی نے شرکت کی۔
پولیس پالیسی بورڈ کے اجلاس میں فارنزک سائنس لیبارٹری کے عملے کے لیے نئے سروس رولز، ایف آر پی کے اہلکاروں کی ترقی، شفاف اور میرٹ کی بنیاد بھرتی کے لیے تھرڈ پارٹی ٹسٹنگ ایجنسی کے چناﺅ اور پولیس افسروں و اہلکاروں کی ترقی و تعیناتی سے متعلق اُمور پر متعلقہ پولیس افسران نے تفصیلی بریفنگ دی ۔
بریفنگ کی روشنی میں پولیس پالیسی بورڈ نے اہم فیصلے کئے۔ اجلاس میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسروں اور دیگر اہلکاروں کی کسی بھی عہدہ پر تعیناتی سے متعلق پیریڈ اور روٹیشن پالیسی کی منظوری دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ ڈسٹرکٹ، ریجن اور یونٹ کی سطح پر روٹیشن پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اسی طرح سے فارنزک سائنس لیبارٹری کے عملے کے لیے نئے سروس رولز کی منظوری اور ایگزیکٹیو سٹاف کے لیے مختص پوسٹوں کو ٹیکنیکل پوسٹوں میں تبدیل کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرنے کی ھدایت دی گئی۔ ان ٹیکنیکل پوسٹوں پر بعد میں تعلیم یافتہ اور پیشہ ورانہ مہارت کے حامل لوگوں کو پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بھرتی کیا جائے گا۔
اسی طرح پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تھرڈ پارٹی ایکریڈیٹڈ ٹسٹنگ ایجنسی کے ذریعے جونیئر کلرک کی بھرتی کے لیے مختلف تجاویز پر غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ بھرتی ETEA کے ذریعے کی جائے گی۔ بورڈ نے ایف آر پی میں اہلکاروں کی ترقی سے متعلق کمانڈنٹ ایف آر پی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی جو ترقی کے اُمور پر موجودہ قوانین کی روشنی میں تجاویز مرتب کرکے پولیس پالیسی بورڈ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
آئی جی پی نے پولیس پالیسی بورڈ کا اگلا اجلاس آئندہ ہفتے میں طلب کر لیا-
Load/Hide Comments