برازیل کے ٹیلی ویژن سسٹم (ایس بی ٹی) کے مطابق دنیا کے مشہور فٹبالر نیمار جونیئر نے اپنے آبائی علاقے میں کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی رقم عطیہ کی ہے۔
ایس بی ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیرس سینٹ جرمین فٹبال کلب کی جانب سے کھیلنے اور دنیا کے تیسرے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالر نے اس رقم کا کچھ حصہ اقوام متحدہ میں بچوں کے فنڈ کی تنظیم(یونیسف) کو عطیہ کیا اور باقی رقم برازیل کے ٹی وی پریزینٹر اور اپنے دوست لوسیانو ہک کی جانب سے شروع کیے گئے خیراتی فنڈ میں جمع کرادی۔
نیمار کے پریس آفس نے اس بارے میں یہ کہہ کر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ’ ہم کبھی بھی عطیات یا رقم کے بارے میں بات نہیں کرتے۔‘
28 سالہ نیمار نے پیرس سینٹ جرمین فٹبال کلب کی ٹیم کے ساتھی کھلاڑی کِلیان ایمبپے کی پیروی کی جنھوں نے گذشتہ ماہ ایک فرانسیسی خیراتی ادارے کو کورونا وائرس کے اثرات سے لڑنے میں بڑی رقم عطیہ کی تھی۔
نیمار ریو سے باہر ایک قصبے منگارتبیبہ میں اپنے لگژری ولا میں رہ رہے ہیں۔ انہیں گذشتہ ہفتے اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ساحل سمندر پر والی بال کورٹ میں دوستوں کے ایک گروپ کے ساتھ آرام کرتے ہوئے تصاویر بنوائیں حالانکہ اسی وقت دنیا کی آدھے سے زیادہ آبادی جس میں برازیل کے بہت سے لوگ بھی شامل ہیں، کورونا سے بچاؤ کے لیے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
ان کی پریس ٹیم کے مطابق نیمار کسی نئے آنے والے سے میل ملاقات نہیں کر رہے اور مکمل طور پر ایک ایسے گھر میں ان لوگوں کے قرنطینہ میں ہیں جو فرانس سے ان کے ساتھ یہاں آئے تھے۔